(کشمیر ڈیجیٹل): وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آج (25 ستمبر) واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے، وائٹ ہاؤس نے اس کی تصدیق کی ہے۔
یہ ملاقات مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے چار بجے اوول آفس میں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق یہ ان ڈور ملاقات ہوگی اور اس کے بعد میڈیا بریفنگ نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خطے اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا، جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں عرب اسلامک سمٹ کے موقع پر صدر ٹرمپ سے غیر رسمی ملاقات کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خوشگوار ماحول میں مصافحہ اور خیرسگالی کے جذبات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے دوران وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی عالمی امن کے لیے کاوشوں کو سراہا اور پاکستان و بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو مثبت قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے امن، استحکام اور عالمی تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سپر فور: پاکستان، بنگلہ دیش آج آمنے سامنے، شاہین آفریدی کا بڑا دعویٰ!
وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو نیویارک میں سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسنائیک کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں تجارتی تعلقات، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلے، دفاعی روابط اور علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا اور باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔