(کشمیر ڈیجیٹل) حکومت نے کم آمدنی والے افراد کیلئے سستے قرضوں پر مبنی ہاؤسنگ فنانس اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق قرض کی رقم 20 لاکھ سے 35 لاکھ روپے تک ہوگی۔ قرض 20 سال کے لیے دیا جائے گا جبکہ 10 سال تک اس پر سبسڈی ملے گی۔ یہ قرض تمام بینکوں، مائیکرو فنانس اداروں اور ایچ بی ایف سی کے ذریعے فراہم ہوگا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ 20 لاکھ روپے تک کا قرض 5 فیصد شرح سود پر اور 35 لاکھ روپے تک کا قرض 8 فیصد شرح سود پر ملے گا۔ اس کے علاوہ بینک قرض کی درخواست پر کوئی پروسیسنگ فیس بھی وصول نہیں کریں گے۔ پہلی بار گھر خریدنے والے افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے “راست پی ٹو مرچنٹ” سسٹم پر سبسڈی دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے کی سبسڈی منظور کر لی ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق راست پی ٹو مرچنٹ کیو آر کوڈ سے ہونے والی ادائیگی پر 0.5 فیصد سبسڈی ہوگی۔ اس سبسڈی کی زیادہ سے زیادہ حد 100 روپے رکھی گئی ہے۔ سبسڈی کی رقم مرچنٹ اور صارف کے بینک کے درمیان برابر تقسیم ہوگی اور یہ ادائیگی ہر تین ماہ بعد حکومت کی جانب سے بینکوں کو کی جائے گی۔
یہ پیکیج یکم ستمبر 2025 سے 30 جون 2026 تک نافذ العمل ہوگا۔ اگر سبسڈی کی کل رقم 3.5 ارب روپے سے بڑھ گئی تو شرح میں کمی کی جا سکتی ہے۔