مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان جاری مذاکرات غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوگئے ہیں ۔
کور کمیٹی کے رہنماؤں کی جانب سے سامنے آنے والے متضاد بیانات نے عوام میں مزید اضطراب پیدا کر دیا ہے ۔
کور کمیٹی کے رکن شوکت نواز میر کا کہنا ہے کہ حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے اور معاملات حتمی شکل اختیار کرنے کے قریب ہیں ۔
ان کے مطابق جلد خوشخبری آنے کا امکان ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی ۔
دوسری جانب کور کمیٹی کے ایک اور رکن عمر نذیر کشمیری نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکراتی عمل میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی ۔
ان کے مطابق حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا فقدان پایا گیا ہے اور کئی اہم معاملات پر ڈیڈ لاک ابھی تک برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت آزادکشمیر اور ایکشن کمیٹی کے مابین مذاکرات جاری،جلد تفصیلات سے آگاہ کرینگے، انجینئرامیر مقام
حکومتی اور مذکراتی ٹیم میں اکثریتی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ ایکشن کمیٹی ذرائع کے مطابق وزرا ءحکومت نے 60 فیصد معاملات پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے تاہم چند نکات پر بات چیت جاری ہے اُمید ہے وہ بھی حل ہو جائیں گئے ۔
حکومتی دونوں وزراء فیصل راٹھور ، دیوان علی خان اس وقت بھی عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ موجود ہیں ۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے بھی ایک بار پھر سے اپنی مشاورت کے عمل کو تیز کر دیا ہے کور کمیٹی کے ممبران سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں ۔