بڑے سانحہ

پائلٹ کی حاضر دماغی : طیارے کو بڑے سانحہ سے بچالیا،تمام مسافر محفوظ رہے

باکو سے چنائے جانے والی غیر ملکی فضائی کمپنی کی پرواز بڑی تباہی سے محفوظ رہی، فنی خرابی کے باعث پائلٹ نے ہنگامی طور پر طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے بھارت کے شہر چنائے جانے والی سلک وے ایئر لائنز کی پرواز دورانِ سفر ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہی ۔

طیارے میں اچانک فنی خرابی کے بعد پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے فوری طور پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے ذریعے اتار لیا ۔

پرواز AZP 4771 اپنی معمول کی پرواز کے دوران جب بھارتی فضائی حدود میں بحیرۂ عرب کے اوپر تقریباً 31 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی تو جہاز کے نظام میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی ۔

پائلٹ نے فوری طور پر قریبی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی ۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول نے اجازت دینے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر تمام ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کو الرٹ کر دیا ۔

پائلٹ نے انتہائی مہارت کے ساتھ طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا، خوش قسمتی سے جہاز میں سوار تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے ۔

ذرائع کے مطابق طیارے کو کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر پارک کر دیا گیا ہے جہاں انجینئرز اور ماہرین جہاز کا مکمل معائنہ کر رہے ہیں تاکہ فنی خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فکسڈ وِنگ طیاروں کی کامیاب لانچنگ،چین کے جدید ترین جے -15 طیارے نے دھوم مچادی

حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹ کے بروقت فیصلے اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ایک بڑا سانحہ ٹل گیا ۔

Scroll to Top