بھمبر میں امن و آزادی کشمیر ریلی، سینکڑوں افراد کی شرکت

بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل)ضلعی ہیڈکوارٹر بھمبر میں استحکامِ تحریک آزادی کشمیر اور قیام امن کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد”، “آزاد کشمیر زندہ باد” اور “مسلح افواج پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے جبکہ شہداء کو سلام پیش کیا اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دعائیں کیں۔

ریلی ہاتھی گیٹ سے میرپور چوک تک نکالی گئی جس میں شرکاء نے بینرز اٹھا کر امن کا پیغام دیا۔ ریلی کی قیادت چیئرمین ضلع کونسل چوہدری محمد یوسف، سابق ممبر ضلع کونسل چوہدری محمد یوسف درائیاں، سابق چیئرمین ضلع زکوٰۃ صوفی مسعود اسلم، چوہدری سلیمان یونس سمیت دیگر عمائدین نے کی۔

مقررین نے خطاب میں کہا کہ معاشرے سے عدم برداشت کے خاتمے، قومی یکجہتی کے فروغ اور پرامن کشمیر کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی یگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لیے ہمیں توڑنے کے بجائے جوڑنے کی سوچ اپنانا ہوگی اور معاشرے میں مکالمے کی روایت کو پروان چڑھانا ہوگا۔

شرکاء نے کہا کہ پاکستان زلزلوں، سیلاب اور وبائی امراض جیسے خطرات سے دوچار ہے، اس لیے داخلی و خارجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں اور متحدہ پالیسی درکار ہے۔ انہوں نے عزم کیا کہ پرامن کشمیر نہ صرف خطے کی سلامتی بلکہ دیرپا ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کا نیا شرح منافع جاری

ریلی کے دوران پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکار سیکیورٹی اور انتظامی امور کی انجام دہی کے ساتھ شریک رہے۔

Scroll to Top