وزیرِ اعظم آزاد کشمیر

پاک افواج نے معرکۂ حق میں دشمن کوعبرتناک شکست دی : وزیرِ اعظم آزاد کشمیر

راولاکوٹ (سخاوت سدوزئی،کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے راولاکوٹ میں معرکہ حق ، بنیان المرصوص جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پونچھ کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لئے فوری طور پر1 ارب روپے کے پونچھ پیکج کا اعلان کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہے ، آزاد کشمیر کے عوام مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں ، ہمیں قابض اور محافظ افواج میں فرق کرنا ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف ، مسلح افواج پاکستان کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کو کشمیری عوام کی جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ، جس دن سے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدہ ہوا ہے اس دن سے ہندوستان کے تجزیہ نگاروں پر موت کی سفیدی طاری ہو گی ہے۔

گزشتہ 72 گھنٹوں میں ہندوستان نے دوبارہ لیپہ میں ایک بار پھر کشیدگی کی کوشش کی ہے جس کا ہماری بہادر مسلح فوج نے بھرپور جواب دیا، اتحادی حکومت کے وزراء کی سپورٹ اور محبت کی وجہ سے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ہیں ، ہماری پاکستان کیساتھ وفا اور محبت کے رشتے غیر مشروط ہیں اور انشاء اللہ ، پاکستان سے یہ محبت قائم و دائم رہے گی ، راولاکوٹ کی دھرتی کے غیور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے راولاکوٹ کے صابر شہید اسٹیڈیم میں معرکہ حق ، بنیان المرصوص جلسہ سے خطاب میں کیا ۔ وزیراعظم  انوار الحق نے کہا کہ فلسطین کے پیچھے پاکستان جیسی فوج نہیں ، اس لیے وہاں حالت ابتر ہے ، اب پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کی وجہ سے پاکستان کا عرب لیگ ، یواین اور او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اثر و رسوخ بڑھے گا ، اسی بدولت مسئلہ کشمیر کو مزید پذیرائی ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے بزدل دشمن بھارت کوعبرت ناک شکست دی ، بھارت کی ہندوتوا نواز حکومت دنیا بھر میں کہہ رہی ہے کہ ہندوسستان کا آپریشن سندور رکا ہے ابھی ختم نہیں ہوا ، ہمیں دشمن کی سازشوں کو سمجھنا ہے ، میں پونچھ کے غیور ، دلیر ، بہادر شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی کو گواہ بنا کر بھارت کو کہتا ہوں کہ بھارت تم پھر آؤ ، اگر تم نے کوئی حرکت کی تو دوبارہ تمہیں اندر گھس کر ماریں گے ۔

 انہوں نے کہا کہ سابق وزیر طاہر انور نے کچھ گلے کیے ، انہیں فقط اتنا بتانا چاہتا ہوں کہ اگر یہ سارے خسارے میرے دور کے ہیں تو پھر میں مجرم ہوں ، اگر میرے دور کے یہ سارے خسارے نہیں ہیں تو پھر درست سمت میں سوچنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ پونچھ کے غیور عوام کی محرومیوں کیلئے پونچھ پیکج کے طور پر 1 ارب روپے کا اعلان کرتا ہوں ، یہ سب کچھ اتحادی حکومت کی بدولت ہوا ۔

اتحادی حکومت کے وزراء کی سپورٹ اور محبت کی وجہ سے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ہیں ، ہم سب نے اتحاد اور یگانگت کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہے  انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، ہم سب نے متحد ہو کر ہر مشکل کا مقابلہ کرنا ہے ، ہماری پاکستان کے ساتھ وفا اور محبت کے رشتے غیر مشروط ہیں اور انشاء اللہ پاکستان سے یہ محبت قائم و دائم رہے گی ۔

راولاکوٹ میں منعقدہ معرکہ حق جلسہ میں سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان ، راجہ فاروق حیدر خان ، سردار تنویر الیاس ، سردار محمد یعقوب خان ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی و ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری یاسین موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور ، وزرائے حکومت ، راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، جاوید اقبال بڈھانوی ، مشیر حکومت نبیلہ ایوب ، جاوید بٹ سمیت سابق وزرائے کرام ، علمائے کرام ، سیاسی جماعتوں کے قائدین ، کارکنان ، عوام اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مسلح افواج اور حکومت پاکستان کو معرکہ حق کی کامیابی اور پاک سعودی باہمی دفاعی معاہدہ پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

Scroll to Top