(کشمیر ڈیجیٹل):راولاکوٹ جلسے میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے دھیَرکوٹ بازار میں کارکنان، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور سول سوسائٹی سے خطاب کیا۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتیں گزشتہ ساٹھ، ستر برس سے ایک ہی نظریے پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آزاد کشمیر نظریاتی انتشار کا شکار ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو اس انتشار سے بچائیں اور پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید مضبوط بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ اجتماع کسی کو نیچا دکھانے یا فتح کرنے کے لیے نہیں بلکہ عوام کو یہ یاد دلانے کے لیے ہے کہ “ہم 70 سال پہلے جس نظریے پر چلے تھے، آج بھی اسی پر قائم ہیں۔”
سابق وزیر اعظم نے مختلف سیاسی جماعتوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں وابستگیاں ضرور مختلف رہیں لیکن نظریہ ہمیشہ ایک رہا۔ ان کے مطابق عوام کو سیاسی و نظریاتی اختلافات سے بچ کر آئندہ نسلوں کے مستقبل کی حفاظت کرنی ہوگی اور پاکستان کے ساتھ اپنا رشتہ ہر حال میں قائم رکھنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: معرکۂ حق جلسہ راولاکوٹ : آزاد کشمیر بھرسے قافلوں کی روانگی، عوام پُرجوش، قائدین شریک




