معرکۂ حق جلسہ راولاکوٹ : آزاد کشمیر بھرسے قافلوں کی روانگی، عوام پُرجوش، قائدین شریک

(کشمیر ڈیجیٹل):آزاد کشمیر بھر سے قافلے معرکۂ حق جلسۂ عام میں شرکت کے لیے راولاکوٹ روانہ ہو رہے ہیں۔ پاکستان افواج کی شاندار کامیابی کے بعد ’’استحکامِ پاکستان‘‘ کے نام سے اس عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان بڑی تعداد میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں جبکہ عوامی جوش و خروش اپنے عروج پر ہے۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی بھی شرکت متوقع ہے۔

وادی نیلم:جلسے میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما انیس علی خواجہ نے کہا کہ پاکستان زندہ باد کے لیے ہم تقسیم نہیں ہیں، جب پاکستان اور کشمیر کی بات آتی ہے تو ہم سب ایک ہیں۔ افواجِ پاکستان کے لیے ہم ان سے پہلے کھڑے ہیں۔ بڑی تعداد میں قافلے پاکستان زندہ باد کنونشن میں شرکت کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیلم کے عوام افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور یہ کنونشن ریاستی سیاست پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

تتا پانی:پونچھ کے حلقہ عباسپور تتاپانی سے امیدوار اسمبلی و مرکزی جوائنٹ سیکریٹری مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر سردار اسامہ زاہد کی قیادت میں ریلی راولاکوٹ روانہ ہوئی۔

سماہنی:سابق مشیر وزیر اعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفر بیربل کی قیادت میں حلقہ سماہنی سے قافلہ معرکۂ حق جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہو گیا۔ حلقہ سماہنی سے سابق امیدوار اسمبلی چوہدری محمد رزاق کی قیادت میں معرکہ حق جلسہ میں شرکت کے لیے قافلہ راولاکوٹ کی طرف رواں دواں ہے۔

باغ:معرکۂ حق جلسہ کے لیے باغ سے پیپلز پارٹی کے کارکنان امامیہ کالونی پیپلز سیکرٹریٹ میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ کچھ دیر بعد یہ قافلہ ریلی کی شکل میں راولاکوٹ کی طرف روانہ ہوگا۔

راولاکوٹ:شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین راولاکوٹ میں آج ایک تاریخی جلسہ منعقد ہو رہا ہے۔ صابر شہید اسٹیڈیم میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اسٹیڈیم میں کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ قافلوں کی آمد کا سلسلہ کچھ ہی دیر بعد شروع ہو جائے گا۔ مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا حالیہ دفاعی معاہدہ صرف دو ملکوں کی کامیابی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت اور کشمیر کی آزادی کی نوید ہے۔

مظفرآباد :دارالحکومت مظفرآباد سے بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان بسوں اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے جلسے میں شرکت کے لیے راولاکوٹ روانہ ہو گئے ہیں۔ جلسہ معرکۂ حق کی شاندار کامیابی اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان تاریخی معاہدے کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔دارالحکومت مظفرآباد سے جاوید ایوب کی زیر قیادت حلقہ کوٹلہ کی عوام جلسہ گاہ راولاکوٹ کی طرف روانہ ہو گئی۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد اس قافلے میں موجود ہے۔ جمال فاؤنڈیشن کی طرف سے بہت بڑا قافلہ جلسہ گاہ راولاکوٹ کے لیے رواں دواں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ میں صابر شہید اسٹیڈیم میں تاریخی جلسۂ عام، تیاریاں مکمل

Scroll to Top