لندن : وزیراعظم شہباز شریف نے دو ٹوک اور واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سونے اور جواہرات میں بھی تولا جائے تو کم ہے،پاکستان کی معاشی اور سیاسی آواز بننے پر آپ کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں نے اس سال ساڑھے38ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر اسمبلی اجلاس ، وزیراعظم شہبازشریف ، فیلڈ مارشل کے دورہ سعودی عرب کا خیرمقدم
بھارت کے تعلقات کے حوالے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی، ہم خطے میں ہمسائے ہیں،قیامت تک ہم ہمسائے ہیں اور ساتھ رہنا ہے، کشمیر اور دوسرے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت تعلقات استوار ہوسکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، مسئلہ کشمیر حل ہونے تک خطےمیں امن قائم نہیں ہوسکتا، چار جنگوں پر اربوں ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں ظلم و ستم کیا جارہا ہے،64ہزار بزرگ، مائیں بچے شہید کردئیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب پہنچ گئے، سعودی رائل ایئرفورس نے جہاز کو خصار میں لے لیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص میں جو فتح ملی اس سے دنیا میں اس کی عزت بڑھی۔
واضح رہے کہ لندن میں کنونشن کا اہتمام اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے مقامی ہوٹل میں کیا تھا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، عطاتارڑ، عون چوہدری، ملک احمد خان اور ساجد تارڑ بھی شریک تھے۔