ایشیا کپ میں آج پھر بھارت سے ٹاکرا، پاکستان نے حکمت عملی طے کرلی

دبئی:ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے اپنی حکمت عملی طے کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کی قیادت میں ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں بھارت کے خلاف پلیئنگ الیون پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ میٹنگ میں نوجوان اوپنر صائم ایوب کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی پر غور کیا گیا اور انہیں اوپننگ سے ہٹا کر چوتھے نمبر پر کھلانے کا امکان ہے تاکہ ان کی بیٹنگ تکنیک زیادہ مؤثر ثابت ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سپر فور ؛ بنگلادیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی قومی کھلاڑیوں سے اکیڈمی میں ملاقات کی، اس موقع پر قومی کھلاڑیوں نے عزم کا اظہار کیا کہ بھارت سے سابقہ میچ میں شکست کا بدلہ جیت کی صورت میں لیں گے، چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے۔

چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا سے گفتگو بھی کی۔ کھلاڑیوں نے بھی بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ پریکٹس جاری رکھی۔

محسن نقوی کی آمد پر بھارتی سپورٹنگ اسٹاف اور کھلاڑی اپنا ٹریننگ سیشن ختم کرکے ہوٹل چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ، سپر فور مرحلہ میں پاک بھارت ٹاکرے کے بقیہ ٹکٹس فروخت کیلئے پیش، قیمت حیران کن

اس سے قبل پاکستانی اور بھارتی فینز نے آئی سی سی اکیڈمی آمد پر پاکستان ٹیم کا استقبال کیا، بھارتی کرکٹ فینز نے فخر زمان کے ساتھ تصاویر لیں۔

دوسری جانب حسن نواز کو ڈراپ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور ان کی جگہ آل راؤنڈر حسین طلعت کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مڈل آرڈر میں استحکام لایا جاسکے۔

فاسٹ بولنگ کے شعبے میں تجربہ کار شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف پر انحصار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ہائی وولٹیج مقابلہ آج (اتوار) کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top