(کشمیر ڈیجیٹل) حرمتِ رسول ﷺ پر جان قربان کرنا ہر مسلمان کے ایمان کا تقاضا ہے۔ تحریک انصاف کے حلقوں نے واضح کیا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان ایک سچے عاشقِ رسول ﷺ ہیں جو ہمیشہ مدینہ کی ریاست کے قیام اور سنت نبوی ﷺ کے فروغ کے داعی رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے مطابق “مشن نور” کے عنوان سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی سرگرمی پارٹی کا کوئی باضابطہ پروگرام نہیں۔ ذمہ داران کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس مہم کے پیچھے نیک نیتی ہوسکتی ہے لیکن اس کا نام “مشن نور” قادیانیوں کی مخصوص اصطلاح سے جڑا ہوا ہے جس کی بنیاد ان کے ایک رہنما حکیم نورالدین سے منسوب ہے، جبکہ 20 ستمبر 1948 کو ربوہ میں قادیانی مرکز قائم ہوا تھا۔
پارٹی رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایسے کسی بھی نام یا دن سے جڑا عمل یا سرگرمی کسی طور بھی قابلِ قبول نہیں ہوسکتی، کیونکہ اس سے غلط تاثر پیدا ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آذانوں یا کسی اور مذہبی عمل کے ذریعے ظلم و ناانصافی کے خلاف پیغام دینا مقصود ہے تو یہ عمل کسی اور دن اور کسی مناسب نام کے تحت ہونا چاہیے، تاکہ ایمان پر کوئی حرف نہ آئے اور تحریک انصاف و عمران خان پر کسی بھی قسم کی معاذ اللہ قادیانیوں سے مشابہت کا شائبہ بھی نہ ہو۔
تحریک انصاف نے ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ اس کی جدوجہد پاکستان کو مدینہ کی ریاست کی طرز پر جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہے، جہاں آئین و قانون کی حکمرانی کے ساتھ ختم نبوت ﷺ اور سنتِ رسول ﷺ کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
ختمِ نبوت ﷺ کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں، تاجدار ختم نبوت ﷺ زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔