وائلڈ لائف اہلکار سید امتیاز شیرازی کی کامیاب کارروائی میں ریسکیو بکری پٹہکہ چڑیا گھر منتقل

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ وائلڈ لائف اینڈ فشریز حویلی سید امتیاز شیرازی کی کامیاب کارروائی میں نایاب جنگلی بکری رائیں کا ریسکیو، پٹہکہ چڑیا گھر منتقل کردی۔

تفصیلات کےمطابق محکمہ وائلڈ لائف فشریز ضلع باغ کے ہلاں گیم ریزرو کے ہیڈ واچر سید امتیاز شیرازی نے مقامی بکروالوں سے ایک نایاب جنگلی بکری رائیں کو ریسکیو کرلیا۔

ریسکیو کیے گئے اس نایاب جانور کو پٹہکہ بریڈنگ سنٹر چڑیا گھر منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسے موجودہ میل رائیں کے ساتھ جوڑا بنا کر رکھا جائے گا۔

گزشتہ روز اس چار ماہ عمر کی رائیں کو سیکرٹری وائلڈ لائف فشریز طاہر محمود مرزا، نائب ناظم عبدالشکور خان اور نائب ناظم سخی الزمان نے باضابطہ طور پر چڑیا گھر کے عملے کے حوالے کیا۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق IUCN نے اس نسل کو خطرات سے دوچار انواع میں شامل کیا ہے، لہٰذا ان کی حفاظت نہایت ضروری ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف ایکٹ 2024 کے تحت اس جانور کو مارنے، قید کرنے یا سمگل کرنے کی سزا چھ ماہ قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ مقرر ہے۔

سیکرٹری وائلڈ لائف فشریز طاہر محمود مرزا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کمیونٹی سطح پر جنگلی حیات کے تحفظ میں محکمہ کے معاون بنتے ہیں، ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور ان خدمات کو سرکاری سطح پر سراہا بھی جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کے لیے عوامی شمولیت کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ریاست کی جنگلی حیات کو قدرتی ماحول میں بہتر افزائش نسل کے مواقع میسر آئیں اور غیر قانونی شکار کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر اسمبلی اجلاس ، وزیراعظم شہبازشریف ، فیلڈ مارشل کے دورہ سعودی عرب کا خیرمقدم

Scroll to Top