توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی سے متعلق نئے انکشافات

(کشمیر ڈیجیٹل)عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں نئے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ عدالت میں جمع کرائے گئے گواہان کے بیانات کے مطابق سعودی ولی عہد کی جانب سے عمران خان کو بطور وزیراعظم تحفے میں دی گئی بلگاری جیولری سیٹ کی اصل قیمت کو کم ظاہر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کے پرائیویٹ اپریزر صہیب عباسی نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ جیولری سیٹ کی قیمت کم لگانے پر ان پر دباؤ ڈالا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انعام اللہ شاہ نے انہیں ہدایت دی کہ جیولری سیٹ کی قیمت 59 لاکھ روپے مقرر کریں، ورنہ سرکاری محکموں میں انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ صہیب عباسی نے بتایا کہ یہ جیولری سیٹ 25 مئی 2022 کو ان کے پاس تشخیص کے لیے آئی تھی، اور وہ کابینہ ڈویژن کے منظور شدہ اپریزرز میں شامل ہیں۔

دوسری جانب عمران خان کے سابق پرسنل سیکرٹری انعام اللہ شاہ نے بھی عدالت میں بیان دیا کہ انہوں نے صہیب عباسی پر دباؤ ڈالنے کا اعتراف کیا۔ ان کے مطابق وہ وزیراعظم ہاؤس میں کمپٹرولر کے طور پر تعینات تھے اور بنی گالہ ہاؤس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی ان کے پاس تھی۔ انعام اللہ شاہ نے مزید بتایا کہ وہ بیک وقت پی ٹی آئی اور سرکاری نوکری سے تنخواہ لیتے رہے جبکہ بعد میں بشریٰ بی بی کی ناراضی پر انہیں برطرف کر دیا گیا۔

نیب اور ایف آئی اے حکام کے مطابق سعودی ولی عہد کی جانب سے تحفے میں دی گئی اس بلگاری جیولری سیٹ کی اصل قیمت سات کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد تھی، لیکن اس کی کم قیمت لگوا کر صرف 29 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے۔ جیولری سیٹ میں نیکلیس، بریسلیٹ، ایئر رنگز اور ایک انگوٹھی شامل تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جیولین تھرو فائنل: ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا آج آمنے سامنے

ان نئے بیانات اور انکشافات نے توشہ خانہ کیس میں مزید پیچیدگیاں پیدا کر دی ہیں، اور تحقیقات میں مزید گہرائی کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top