سعودیہ اور پاکستان ایک ہی صف میں، سعودی وزیردفاع کا اردو میں ٹویٹ

(کشمیر ڈیجیٹل)سعودی عرب اور پاکستان نے ایک تاریخی دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جسے خطے کی سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اس موقع پر اردو زبان میں پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودیہ اور پاکستان جارح کے مقابل ایک ہی صف میں، ہمیشہ اور ابد تک۔ ان کا یہ اعلان معاہدے کے تناظر میں دونوں ممالک کے گہرے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق یہ معاہدہ تمام فوجی شعبوں کو شامل کرتا ہے اور اس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوگا تو اسے دونوں پر جارحیت سمجھا جائے گا۔

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے معاہدے پر دستخط کے بعد گلے ملا کر اپنے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ نہ صرف اپنی سلامتی کو بہتر بنائیں گے بلکہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قطر پر ایران اور اسرائیل کے حملوں نے خلیجی ریاستوں کو مزید بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں اسٹریٹجک توازن کو نئی جہت دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے اعزاز میں برطانوی شاہی خاندان کا عشائیہ، شاہ چارلس کا خراج تحسین

ایک سینئر سعودی اہلکار نے وضاحت کی کہ یہ معاہدہ کئی برسوں کی بات چیت کا نتیجہ ہے اور کسی مخصوص واقعے یا ملک کے ردعمل میں نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

Scroll to Top