(کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اعظم محمد شہباز شریف آج دوحہ میں منعقد ہونے والی ہنگامی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے قطر روانہ ہوگئے۔ یہ اجلاس پاکستان کی شراکت سے طلب کیا گیا ہے اور اس کا مقصد دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملوں، فلسطین میں بڑھتی کشیدگی اور فلسطینی عوام کو زبردستی بے گھر کرنے کے پس منظر میں لائحہ عمل طے کرنا ہے۔
کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت، حکومتوں کے نمائندے اور اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے اور قطر سمیت خطے کی دیگر ریاستوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان!
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے 11 ستمبر 2025 کو بھی دوحہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات میں قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔




