آزادکشمیر میں گندم کا بحران، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ متوقع

آزادکشمیر میں گندم کے شدید بحران کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ محکمہ خوراک کی غیر ذمہ داری اور عدالتِ عالیہ کے حکمِ امتناعی کی وجہ سے خطے میں آٹے کی قیمتیں آسمان چھو سکتی ہیں، جس سے عام شہری براہِ راست متاثر ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق، “زارکو ایسوسی ایٹ” نے آزادکشمیر بھر میں گندم کی ڈھلائی اور سپلائی کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف عدالتِ عالیہ میں مقدمہ دائر کیا۔ عدالت نے ڈھلائی اور نئے ٹینڈر کے عمل پر حکمِ امتناعی جاری کیا، جس کے بعد ٹھیکیداروں نے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہوئے گندم کی ڈھلائی فوری طور پر روک دی۔

ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کی پاسداری کے باعث ڈھلائی بند کی گئی ہے، تاہم محکمہ خوراک ان کے اربوں روپے کے واجبات ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر واجبات کی فوری ادائیگی نہ کی گئی اور محکمہ خوراک نے بروقت اقدامات نہ اٹھائے تو آزادکشمیر بھر میں گندم کی ترسیل مکمل طور پر معطل ہو جائے گی، جس کے نتیجے میں آٹے کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ سکتی ہیں اور عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے بھی ترس جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے بڑی نوکریوں کا اعلان!

عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے اور محکمہ خوراک کو متحرک کرے تاکہ گندم کے ممکنہ بحران کو روکا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top