(کشمیر ڈیجیٹل) سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں بھورٹی کے قریب زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانچ دیہات زیرِ آب آگئے، جبکہ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔
نجی چینل کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پانی داخل ہونے کے بعد لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے نے زمینداروں کو بھاری معاشی نقصان پہنچایا ہے کیونکہ کھڑی فصلیں ڈوب گئیں۔ دادو میں بھی کچے کے گاؤں شدید متاثر ہوئے جہاں ایک مکان گرنے سے خاتون اور اس کی تین سالہ بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔ اسی طرح لاڑکانہ میں عاقل آگانی اور نصرت بند کے سامنے بیس دیہات پانی کی لپیٹ میں آگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025: دبئی میں آج پاکستان اور بھارت کا مقابلہ
دوسری جانب سکھر بیراج میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، تاہم کچے کے علاقوں میں مقیم افراد اب تک نقل مکانی پر آمادہ نہیں ہوئے۔




