(کشمیر ڈیجیٹل)مرچوں اور مصالحے دار کھانے صرف ذائقے ہی نہیں بلکہ صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق مرچوں میں پایا جانے والا جزو “کیپسائیسن” انسانی جسم کے مختلف نظاموں پر مثبت اثرات ڈالتا ہے۔
تحقیقی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصالحہ دار کھانوں کا باقاعدہ استعمال دل کی صحت، میٹابولزم اور نظامِ ہاضمہ کو سہارا دیتا ہے۔ روایتی طور پر بھی مرچوں کو سوزش کم کرنے اور خون کی روانی بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب کہ حالیہ سائنسی مطالعات اس کی تائید کرتے ہیں۔
سال 2020 میں شائع ہونے والی ایک جامع تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد باقاعدگی سے مرچیں کھاتے ہیں، ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 25 فیصد تک کم پایا گیا۔ اس تحقیق نے مرچوں کے استعمال کو دل کے امراض، کینسر اور سانس کی بیماریوں کے کم خطرات سے جوڑا۔
ماہرین کے مطابق کیپسائیسن جسم میں موجود ایک خاص رِسیپٹر TRPV1 کو متحرک کرتا ہے، جو چربی کے میٹابولزم اور بھوک کے نظام کو قابو میں رکھنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ یہ عمل ایڈرینالین کی افزائش کو بڑھا کر کیلوریز جلانے اور خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چارلی کرک قتل کیس: ملزم ٹیلر رابنسن 33 گھنٹوں کی تلاش کے بعد گرفتار
مزید یہ کہ کیپسائیسن نظامِ انہضام اور آنتوں میں موجود بیکٹیریا پر بھی مثبت اثر ڈال سکتا ہے، جس کے نتیجے میں دل، دماغ اور نظامِ ہضم کی مجموعی صحت بہتر ہو سکتی ہے۔