فوڈ اتھارٹی

فوڈ اتھارٹی مظفرآبادکاکنگ عبداللہ یونیورسٹی چھتر کلاس کے کیفے ٹیریا اور ہاسٹل میس کامعائنہ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)سیکرٹری فوڈ اتھارٹی آزاد جموں و کشمیر کی خصوصی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نےکنگ عبداللہ یونیورسٹی چھتر کلاس کے کیفے ٹیریا اور ہاسٹل میس کا اچانک معائنہ کیا ۔

اس دوران موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے واٹر فلٹریشن پلانٹس اور کھانے پینے کی اشیاء کے نمونے حاصل کر کے ٹیسٹنگ کی گئی۔

لیبارٹری تجزیے کے مطابق کیفے ٹیریا کا واٹر فلٹریشن پلانٹ تسلی بخش قرار دیا گیا جبکہ ہاسٹل میس کا واٹر فلٹریشن پلانٹ بند تھا اور حاصل کردہ پانی کا نمونہ غیر تسلی بخش پایا گیا ۔

اسی طرح کھانے کی تیاری میں استعمال ہونے والے آئل کی TPC لیول رپورٹ کے مطابق 36 پایا گیا جو کہ نارمل 24 سے کم ہونی چاہیے تھا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا ۔

اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمٰن نے ہمراہ فوڈ ٹیکنالوجسٹ اور فوڈ اتھارٹی ٹیم کے کیفے ٹیریا اور ہاسٹل میس کا تفصیلی معائنہ کیا ۔

اس دوران کچن ایریا میں کھانے کی تیاری کے دوران استعمال ہونے والے اجزاء، مصالحہ جات، جوسز، دیگر مشروبات اور خوراک کی ہینڈلنگ کے معیار کو باریک بینی سے پرکھا گیا ۔

جوسز اور مشروبات کی لیبلنگ، کوالٹی اور ایکسپائری ڈیٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ طلبہ کو ہر لحاظ سے محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے ۔

مجموعی صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا گیا۔فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران نے ہاسٹل میس فلٹریشن پلانٹ کو فوری طور پر بحال کرنے اور آئندہ صرف معیاری آئل استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر نے کہا کہ طلبہ ہماری قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، ان کی صحت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

فوڈ اتھارٹی ہر تعلیمی ادارے میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت اس وقت شہر کے تمام تعلیمی اداروں کی کنٹینز پر صفائی ستھرائی اور اشیائے خوردونوش کی باقاعدہ جانچ پڑتال جاری ہے ۔

شہری کسی بھی مشکوک یا غیر رجسٹرڈ اشیاء اور ناقص صفائی کے انتظامات کی اطلاع کے لیے فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔

Scroll to Top