سیب دنیا کے مقبول ترین پھلوں میں شمار ہوتا ہے جو اپنے منفرد ذائقے اور بے شمار غذائی فوائد کی بدولت ہر عمر کے افراد میں پسند کیا جاتا ہے ۔
طبی ماہرین کے مطابق سیب کا باقاعدہ استعمال عمومی صحت بہتر بنانے کے ساتھ دل کی بیماریوں، ذیابیطس اور دیگر کئی دائمی امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔
تحقیقات بتاتی ہیں کہ سیب وٹامن سی ، وٹامن ای، پولی فینولز اور فلاوونائیڈز جیسے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے جو جسم کے خلیوں کو نقصان سے بچاتے ہیں اور دل کے امراض کے خطرے کو کم کرتے ہیں ۔
اس میں موجود فائبر اور پولی فینول کولیسٹرول کو متوازن رکھنے، سوزش گھٹانے اور آنتوں کے مفید بیکٹیریا کو فعال کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں، جس سے نظامِ ہاضمہ مضبوط ہوتا ہے ۔
مزید یہ کہ سیب کھانے کی عادت وزن میں کمی اور موٹاپے کے خطرے کو کم کرنے سے بھی جڑی ہے ۔ بچوں میں اس کی باقاعدہ شمولیت متوازن غذا اور بہتر جسمانی نشوونما کے لیے معاون سمجھی جاتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لندن،گلگت بلتستان کے ڈاکٹر نےتھیلیسیمیا کے مریض بچوں کا علاج کرکے تاریخ رقم کردی
ذیابیطس کے حوالے سے بھی ماہرین کا کہنا ہے کہ چھلکے سمیت سیب کھانے سے خون میں شوگر کی سطح پر مثبت اثر پڑتا ہے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچاؤ میں مدد مل سکتی ہے جبکہ یہ حاملہ خواتین کے لیے بھی مفید ہے ۔
سیب میں موجود پوٹاشیم اور کیلشیم ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور آسٹیوپوروسس کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایک درمیانے سائز کے سیب میں تقریباً 80 فیصد پانی پایا جاتا ہے جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ الیکٹرولائٹ توازن برقرار رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے ۔
یہ پھل جلد کی صحت کے لیے بھی نہایت فائدہ مند ہے کیونکہ یہ سوجن اور دھبے کم کرنے کے ساتھ فطری چمک کو بھی برقرار رکھتا ہے ۔