جہلم ویلی، خاتون ممبر ضلع کونسل کے فاروق حیدرکی سوشل میڈیا ٹیم پر سنگین الزامات

جہلم ویلی:ممبر ضلع کونسل جہلم ویلی و سابق ضلعی صدر مسلم لیگ ن خواتین ونگ غزالہ اشرف نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی سوشل میڈیا ٹیم کو چاپلوس قرار دیتے ہوئے الزامات کی بوچھار کردی۔

ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا میں خواتین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غزالہ اشرف نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان سے محبت کا رشتہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو گا لیکن ان کی سوشل میڈیا ٹیم مجھے ہراساں کرتی،دھمکیاں دیتی ہے۔

مجھے اور میرے خاندان میں سے کسی کوبھی اگر کچھ ہو گیا تو اس کے ذمہ دار ی سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی سوشل میڈیا ٹیم پر ہو گی، میرے کسی پروگرام کی ویڈیو یا تصویروں کو ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا تو اس کی بھی ذمہ دار فاروق حیدر کی سوشل میڈیا ٹیم ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہہ رہی ہوں کہ فاروق حید خان کارکنان کے لئے اپنے گھر کے دروازے بند کردیتے ہیں، میں فاروق حیدر کے ساتھ ہمیشہ مخلص رہی میرے علاقہ میں سڑک ،پانی نہیں ،میں خود پانی نہ ہونے کی وجہ سےدربدر ہو رہی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:پارٹی منشور کی تیاری آخری مراحل میں ، الیکشن سے قبل حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے ، شاہ غلام قادر

انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر کو کہا ایک غریب عورت ہے،اس کا حق بھی بنتا ہے اس کا فرسٹ ایڈ پوسٹ پر آرڈرکردیں اس کے گھر کا چولہا جل جائے گا لیکن فاروق حیدر خان نے ہمارے لیے دروازے بندکر دئیے۔

لیگی خاتون رہنما نے کہا میں نے ایس پی جہلم ویلی کو ثبوتوں سمیت کارروائی کے خلاف درخواست بھی دی ہے، میرا ان کوچیلنج ہے کہ آؤ مجھے مار کر دکھاؤ ،میں بھرے بازار میں تم لوگوں کو چوڑیاں پہناؤں گی،فاروق حیدر ان کو پٹے ڈالیں ورنہ ان کا انجام بہت برا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دلبرداشتہ ہو کر مجھے پریس کانفرنس کرنا پڑی ،،ہماری مسلم لیگ ن کی خواتین ونگ کی رہنمائوں کو بھی ہمیشہ کھڈے لائن لگایا گیا،کب تک ہم ظلم سہتی اور خاموش رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں انتشارکےتانے بانے کہاں ملتے،سب جانتے ہیں، عطاء اللہ تارڑ  

غزالہ اشرف نے کہا کہ مجھے فاروق حیدر نے ممبر ضلع کونسل بنایا، خواتین ونگ کی صدر بنایا، مجھے عزت دی لیکن میرے کارکنان اور میری خواتین کو کھڈے لائن لگایا جو مجھ سے برداشت نہیں ہوا،اگر سیاست کرنی ہوئی تو آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں آؤ گی پھر جو ہوا دیکھا جاے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم آزادکشمیر،چیف سیکرٹری آزادکشمیر،آئی جی آزادکشمیر سے اپیل کرتی ہوں کہ میرے خلاف سوشل میڈیا پر میری تذلیل کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے،مجھے تحفظ،انصاف دلایا جائے۔

Scroll to Top