مہاجرین1989 کی اسمبلی میں نشست، پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم انوارالحق

اسلام آباد :وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے مہاجرین1989کی اسمبلی نشست مختص کرنے کیلئے پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے مہاجرین 1989 کی ورکنگ کمیٹی کے ارکان نے عزیر احمد غزالی کی قیادت میں ملاقات کی ، مسائل سے آگاہ کیا اور قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین 1989 کیلئے نشست کا مطالبہ بھی کیا ۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین میرے دل کے قریب رہتے ہیں ،میری پوری کوشش ہے کہ جہاں تک وسائل اجازت دیں میں آپ کی خدمت کر سکوں کیونکہ آپ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے اپنا گھر بار چھوڑا اور خود کو تحریک آزادی کیلئےوقف کر رکھا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: مہاجرین جموں کشمیرکا 13 ستمبر کو ” ہر گھر بند ” احتجاجی تحریک کا اعلان

انہوں نے کہا کہ آپ کی اور آپ کے خاندانوں کی تحریک آزادی میں بڑی قربانیاں ہیں ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ،حکومت مہاجرین 1989 کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے ،آپ کی رہائش کی سہولتیں بہتر کی ہیں انشاءاللہ انہیں مزید بہتر بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا میرے پاس آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اللّٰہ پاک مجھے توفیق دے کہ میں آپ کے تمام مسائل حل کر سکوں ،انشاءاللہ حکومت آپ کی فلاح وبہبود کو یقینی بنائے گی

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیر کا ایس ایس جی کمانڈو میجر عدنان اسلم شہید کوخراج عقیدت

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جہاں تک قانون ساز اسمبلی میں آپ کی نشست کا معاملہ ہے تو اس پر غور کرینگے اور پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کریں گے ۔وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مہاجرین 1989 کیلیے ان کے فلاحی اقدامات کو سراہا۔

Scroll to Top