(کشمیر ڈیجیٹل) جعلی سی ڈی آر مافیا کے خلاف بڑی کارروائی میں محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر نے چھ بڑی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یہ کمپنیاں ناقص اور جعلی سی ڈی آر بیڈنگ دستاویزات فراہم کرنے میں ملوث پائی گئیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن نمبر 3882-76/DFA/2025 مورخہ 3 ستمبر 2025 کے مطابق، ان کمپنیوں کو آئندہ پانچ سال کے لیے بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمے نے واضح کیا ہے کہ قومی وسائل کو جعلی کاغذات کے ذریعے لوٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
بلیک لسٹ کی جانے والی کمپنیاں درج ذیل ہیں:
- M/s Home Land Distributors — مظفرآباد / اسلام آباد
- M/s Pfaat (Pvt) Ltd. Distributors — پشاور
- M/s Bestech Enterprises — لاہور
- M/s AS Enterprises (Distributor) — پشاور
- M/s Al-Kausar International Pvt. Ltd. — پشاور
- M/s Links Communication System — لاہور / راولپنڈی
محکمہ صحت کے مطابق یہ کمپنیاں طویل عرصے سے سرکاری ٹینڈرز میں جعلی سی ڈی آر جمع کراتی رہی ہیں، جس سے نہ صرف منصوبے متاثر ہوئے بلکہ عوامی مفاد کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی صرف بلیک لسٹنگ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ذمہ دار افراد کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں گے تاکہ انہیں سلاخوں کے پیچھے پہنچایا جا سکے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بالآخر وہ مافیا قانون کی گرفت میں آیا جس نے برسوں تک جعلی دستاویزات کے ذریعے کرپشن کی بنیادیں مضبوط کیں۔ عوامی مطالبہ ہے کہ صرف بلیک لسٹ کرنے پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ کمپنی مالکان کے خلاف بھی نیب طرز کی تحقیقات کر کے مثالی سزائیں دی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم کی صورتحال




