کراچی (کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہےمگر ان میں سے بڑی تعداد بیروزگاری کے مسئلے سے دوچار ہے۔ ایسے میں وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہنرمند پروگرام کا آغاز کر کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے دروازے کھول دئیے ہیں ۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی اائی ایس پی) عوامی فلاح کے لیے متعدد منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے ، جن میں سے ایک ’’ہنرمند پروگرام ‘‘بھی ہے ۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ اورپیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کر کے انہیں باعزت روزگار کے مواقع مہیا کرنا ہے ۔
پروگرام کے تحت امیدواروں کو نہ صرف مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی بلکہ کور س کے دوران انہیں ماہانہ وظیفہ ، کورس مکمل کرنے پر گریجویشن بونس ، سرٹیفکیٹ اور مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے ۔
ہنرمند پروگرام میں مرد و خواتین کو بین الا قوامی معیار کے مطابق مختلف شعبہ جات جیسے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ہیلتھ ، ہوٹل مینجمنٹ ، کنسٹرکشن ، بیوٹی سروسز ، فیشن اور ٹیکسٹائل میں تربیت دی جائے گی ۔ کورسز کی مدت تین سے 6 ماہ رکھی گئی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالاباغ نہیں ، چھوٹے ڈیم ملک کی ضرورت ہیں : شاہد آفریدی
یہ سہولت صرف ان خاندانوں کے لیے ہے جو بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہیں اور ایک خاندان سے صرف ایک فرد پروگرام میں داخلہ لے سکتا ہے ۔ تاہم اس پروگرام میں شمولیت کے بعد بھی بی آئی ایس پی کے تحت دیگر مالی امداد اور سہولتیں برقرار رہیں گی ۔
خوا ہش مند افراد اپنی رجسٹریشن کے لیے ہنرمند پورٹل پر وزٹ کر سکتے ہیں: hunarmand.bisp.gov.pk