(کشمیر چینل) ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز سابق کرکٹر کرس گیل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے تجربات پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عزت نہ ملنے کے باعث ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جلدی کرنا پڑا۔
کرس گیل نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ کنگز الیون پنجاب کے ساتھ چار سیزن کھیلنے کے باوجود انہیں وہ مقام اور احترام نہیں دیا گیا جس کے وہ مستحق تھے۔ ان کے مطابق ٹیم کی جانب سے معاہدہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا اور سینئر کھلاڑی ہونے کے باوجود ان کے ساتھ رویہ مناسب نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ “آپ کسی فرنچائز کے لیے اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں اور پھر بھی آپ کو وہ عزت نہ ملے جس کے آپ حقدار ہیں تو دکھ ہوتا ہے۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے کندھوں پر بہت بڑا بوجھ ہو، پہلی بار زندگی میں ڈپریشن کا شکار ہوا، کیونکہ ذہنی سکون پیسے سے زیادہ اہم ہے۔”
کرس گیل نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس وقت کے ہیڈ کوچ انیل کمبلے سے فون پر تفصیلی بات کی، جس دوران وہ جذباتی ہو کر رو بھی پڑے۔ گیل کے مطابق “میں نے انیل کمبلے کا شکریہ ادا کیا لیکن افسوس تھا کہ ان سے ایسی توقع نہ تھی۔”
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نیوی نے چین کی مدد سے سمندر میں گیس کے ذخائر تلاش کر لئے
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کپتان کے ایل راہول نے انہیں اگلا میچ کھیلنے کی پیشکش بھی کی، لیکن انہوں نے ٹیم کو الوداع کہتے ہوئے اپنا سامان پیک کیا اور آئی پی ایل چھوڑ دیا۔




