حکمرانوں کی نااہلی ونالائقیوں سے ایکشن کمیٹی معرض وجود میں آئی،ڈاکٹر خالدمحمود

بریڈفورڈ : سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے نااہل حکمرانوں کی وجہ سے عوامی مسائل بھی حل نہ ہوسکے ان کی نالائقیوں کی وجہ سے عوامی ایکشن کمیٹی معرض وجود میں آئی۔ حکومت کو چاہیے کہ ان کے جائز مسائل پر توجہ دے اور انہیں حل کرے۔

تحریک کشمیر برطانیہ نارتھ زون کے زیر اہتمام سید علی گیلانی شہید کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ قائد حریت کشمیر سید علی گیلانی نے ایسے لوگ تیار کیے ہیں کہ جو مشکل ترین حالات میں بھی بھارت کے خلاف برسر پیکار ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: 42 سو عارضی ملازمین کا مستقلی کے لیے دھرنا

انہوں نے کہا کہ ساری حریت قیادت اور ہزاروں حریت پسند نوجوان جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔ علی گیلانی کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں اور بھارت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں ۔ حق خودارادیت سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی قیادت نے ایسا کوئی کردار ادا نہیں کیا کہ آزاد خطے کے عوام کو تحریک آزادی کے ساتھ وابستہ کیا جاتا ۔ مئی میں پاکستان کے خلاف بھارت نے جو جارحیت کی پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور سیز فائر کے بعد حکومت نے سفارتی محاذ پر کوئی موثر کارکردگی نہیں دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں: کارکن انتخابی مہم کا آغاز کریں،نااہل حکمرانوں کو الیکشن میں گھر بھیج دینگے،ڈاکٹر مشتاق

تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے قائد حریت شہید سید گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ دو مرتبہ ملاقات ہوئی انہوں نے اپنی ساری زندگی کو تحریک آزادی کے لیے وقف کیا مقبوضہ کشمیر میں ساری حریت قیادت جیلوں میں بند ہے لیکن کوئی لیڈر بھی مایوس نہیں۔

Scroll to Top