مہاجرین کی نشستیں کبھی بھی ختم نہیں ہوسکتی ،سردار تنویرالیاس

(کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی تاجروں کے مسائل پر بات کرسکتی ہے لیکن ان کے پاس یہ اختیار بالکل نہیں کہ وہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں کے خاتمے کی بات کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہاجرین کی نشستیں کسی صورت ختم نہیں ہوسکتیں۔

نیلم کے دورے کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی سب سے مقدس ایوان ہے، اس کی نشستوں کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اسی ایوان کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں جانے والے نمائندے قانون سازی کرتے ہیں اور یہ بات بھی قابل وضاحت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی میں بھی آزادکشمیر کے لیے نشستیں موجود ہیں جو خالی ہیں، جبکہ وہ صوبائی اسمبلی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مہاجرین کی شناخت کسی صورت ختم نہیں کی جاسکتی۔ سوال کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ ان کے پاس ایسا مطالبہ کرنے کا مینڈیٹ ہے؟تاجر تجارت کے حوالے سے بات کرسکتے ہیں، لیکن آزادکشمیر حکومت اور قانون ساز اسمبلی کے حوالے سے بات کرنے کا اختیار کسی اور کو نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول کے اُس پار لوگ قربانیاں ہماری امید پر دے رہے ہیں اور ہمیں اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

Scroll to Top