(کشمیر ڈیجیٹل)تحصیل برنالہ میں گھریلو گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ مختلف دکاندار سلنڈر 3100 سے 3300 روپے میں فروخت کر رہے ہیں جبکہ کسی جگہ بھی ایک مقررہ ریٹ پر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر طے شدہ نرخ نہ تو کہیں نمایاں کیے گئے ہیں اور نہ ہی ان پر عمل ہو رہا ہے۔ عوامی شکایات کے مطابق بعض دکاندار منافع خوری کے لیے سلنڈرز میں مکمل گیس کے بجائے ہوا یا دیگر غیر معیاری مواد ملا دیتے ہیں، جس کے باعث سلنڈر چند دن سے زیادہ استعمال کے قابل نہیں رہتا۔
شہریوں نے اس صورتحال کو عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی اور ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی سفید پوش طبقے کے لیے بڑا مسئلہ بن چکی ہے، اب گیس جیسی بنیادی ضرورت کی من مانی قیمتوں نے زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی برنالہ عملاً غیر فعال ہے جبکہ محکمہ اوزان و پیمائش بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر بھمبر اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سے قبل پاک بھارت کرکٹرز میں تناؤ نمایاں




