گرلز کیڈٹ کالج مظفرآباد میں یومِ دفاع پاکستان کی تاریخی تقریب

(کشمیر ڈیجیٹل)6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے آزاد کشمیر کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج مظفرآباد میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر حکومت سردار جاوید ایوب، برگیڈ کمانڈر آئی ایس پی آر آزاد جموں و کشمیر، سابق فوجی افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں، معززینِ علاقہ، کیڈٹس اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ تقریب اپنی نوعیت کے اعتبار سے نہ صرف تاریخی تھی بلکہ اس نے 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کی یاد کو ایک بار پھر تازہ کیا اور ساتھ ہی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی برکتوں کو بھی اجاگر کیا۔

تقریب میں وزیر وائلڈ لائف سردار جاوید ایوب، برگیڈ کمانڈر آئی ایس پی آر آزاد کشمیر برگیڈیئر طارق سہیل، منیجنگ ڈائریکٹر گرلز کیڈٹ کالج ڈاکٹر ذوالفقار علی قاضی، پرنسپل میجر (ر) رشید خان مغل، صدر ایکس سروس مین سوسائٹی آزاد جموں و کشمیر برگیڈیئر (ر) سردار زرین خان، میجر (ر) گل زمان اعوان، ڈائریکٹر یونیورسٹی کیمپس جہلم ویلی ڈاکٹر امتیاز احمد اعوان، سابق مشیر حکومت سید قلب عباس، میجر (ر) طارق اعوان، میجر مشتاق، میجر (ر) سعید چغتائی، ایڈمنسٹریٹر ادارہ عابد خان خٹک، ایجوڈنٹ زاہد عباسی، محمد رزاق اعوان ایڈووکیٹ، چوہدری ارشد، مسرور خان تنولی، شریف عباسی، اسلم اعوان، راشد شیخ اور دیگر معززین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

کیڈٹس نے مہمانوں کا استقبال ملی نغموں اور جوش و خروش کے ساتھ کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانوں نے ماحول کو والہانہ جذبے سے بھر دیا۔ پرچم کشائی کے بعد شرکاء کے دلوں میں وطن سے محبت اور قربانی کا ولولہ مزید تازہ ہوگیا۔

مقررین نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری عسکری تاریخ کا ایک ایسا دن ہے جو جرات، قربانی اور ایمان کی لازوال داستان سناتا ہے۔ اس روز پوری قوم اور افواجِ پاکستان دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئی اور بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔

وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ آزادی ہمیں شہداء کی قربانیوں کے نتیجے میں ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک فوج ہر لمحہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے بھائی پر درختوں کی کٹائی کا الزام، محکمہ جنگلات کی وضاحت

برگیڈ کمانڈر آئی ایس پی آر آزاد کشمیر برگیڈیئر طارق سہیل نے کہا کہ 1965ء کی جنگ ہو یا موجودہ دور، افواجِ پاکستان ہمیشہ وطن کے دفاع کے لیے تیار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

Scroll to Top