سدرک گربھائے

سدرک گربھائے کی کتاب ’’کشمیر ویٹ اینڈ سی‘‘ عالمی فیسٹیول میں پیش

پیرس : بلجیئم کے مشہور فوٹو جرنلسٹ سدرک گربھائے کی کشمیر پر مبنی تصویری کتاب ’’کشمیر ویٹ اینڈ سی‘‘ فرانس کے بین الاقوامی فوٹوگرافی اور جرنلزم فیسٹیول میں پیش کی گئی، جس نے یورپی ناظرین کی خصوصی توجہ حاصل کی ۔

فرانس کے شہر پرپیگنون میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں سدرک گربھائے کی کتاب نے کشمیری عوام کی جدوجہد اور مقبوضہ علاقے کے حقیقی حالات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ۔

کتاب پر آٹھ سال محنت کے بعد کام مکمل ہوا اور اس میں شامل تصاویر میں غیر قانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے موجودہ حالات، تاریخ اور ثقافت واضح طور پر عیاں ہیں ۔

کتاب کی خاص بات تصاویر کے ساتھ تفصیلی وضاحت بھی ہے، جو لوگوں کو جموں و کشمیر کے حالات بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔

فیسٹیول میں سدرک گربھائے نے بھارتی فوج کے ہاتھوں زخمی ہونے والے افراد اور کنٹرول لائن کے دیہاتوں میں ہونے والے حملوں کی تصاویر پر بریفنگ بھی دی ۔

رونمائی تقریب میں کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے علی رضا سید (چیئرمین کشمیر کونسل ای یو) اور کشمیری رہنما سردار صدیق خان شریک ہوئے۔ ہنگری کے سینئر صحافی اندرے بارک نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

علی رضا سید نے اس موقع پر کہا کہ ایسے عالمی فیسٹیولز کشمیری عوام کی جدوجہد کو دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔

ان کے مطابق جب الفاظ ناکافی ہوں تو تصویریں اپنی زبان میں وہ سب کچھ بیان کر دیتی ہیں جو تقریر یا تحریر سے ممکن نہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ کتاب کی عالمی نمائش عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگی ۔

علی رضا سید نے مزید بتایا کہ اگلے مرحلوں میں اس کتاب کی تقاریب رونمائی مظفرآباد، میرپور، پیرس ، لندن ، جنیوا ، اسلام آباد اور لاہور میں منعقد ہوں گی اور کتاب کو یونیورسٹیوں، ریسرچ سنٹرز، پالیسی ساز اداروں اور متعلقہ حکام کو ارسال کیا جائے گا ۔

Scroll to Top