(کشمیر ڈیجیٹل) ہونڈا ایٹلس کارز پاکستان نے اپنی مشہور سیڈان گاڑی کا نیا ورژن Honda City Aspire S لانچ کر دیا ہے، جس میں ڈیزائن اور فیچرز کے کئی نمایاں اپڈیٹس شامل کیے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئی Aspire S میں ایکسٹیریئر کے ساتھ ساتھ انٹیریئر میں بھی جدت لائی گئی ہے۔ بیرونی ڈیزائن میں اپڈیٹ شدہ ہونڈا ایمبلم، بلیک ٹرنک اسپوائلر ایل ای ڈی ہائی ماؤنٹ اسٹاپ لائٹ کے ساتھ، اور بلیک شارک فن اینٹینا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بلیک کلرڈ سائیڈ مررز، نئے ڈیزائن والے ڈور ہینڈلز، کروم فرنٹ اور ریئر لائسنس گارنش بھی دیے گئے ہیں، جب کہ الائے ویلز کو نئی پلیٹ فنشنگ کے ساتھ مزید اسپورٹی انداز دیا گیا ہے۔
گاڑی کی لائٹنگ سسٹم میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت ہیڈ لائٹس، فوگ لائٹس اور ریئر لائٹس میں ایل ای ڈی لائٹس اسٹینڈرڈ فیچر کے طور پر شامل کر دی گئی ہیں۔
ہونڈا نے اس ماڈل کے لیے دو نئے رنگ — کینیون ریور بلیو اور اگنائٹ ریڈ — متعارف کروائے ہیں، جو صارفین کو مزید پرسنلائزیشن کے مواقع فراہم کریں گے۔
انٹیریئر میں بھی نمایاں بہتری کی گئی ہے جن میں نئی فیبرک سیٹیں، لیدر ریپڈ اسٹیئرنگ وہیل بیس بال اسٹچنگ کے ساتھ، اسی طرز کا گیئر نوب اور بہتر آڈیو تجربے کے لیے ٹوئیٹرز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
ماہرین کے مطابق یہ نیا ورژن پاکستانی مارکیٹ میں صارفین کے لیے ایک جدید اور پرکشش آپشن ثابت ہو سکتا ہے۔