بیٹھک اعوان آباد(نمائندہ خصوصی)ناڑگوالاں یونین کونسل بساڑی میں حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
محنت کش شاہد اقبال کا گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر بری طرح متاثر جبکہ پڑوسیوں کے گھر بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے، جس کے بعد وہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
شاہد اقبال کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کی فوری مدد اور ریلیف کا منتظر ہے تاکہ اپنے اہلِ خانہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر سکے۔لینڈ سلائیڈنگ نے اس کے پڑوسی محمد خالق اور ان کے بھائیوں کے گھروں کو بھی خطرے میں ڈال دیا ۔
خاص طور پر ان گھروں میں وہ بچے رہتے ہیں جن کے والدین کا انتقال ہو چکا ہے اور جو پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔
ان معصوم بچوں کے سروں پر سے چھت گرنے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے، جس سے علاقے کے لوگوں میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے پاس کوئی ایسی متبادل زمین یا جگہ نہیں ہے جہاں وہ نئے گھر تعمیر کر سکیں۔
اس لئے انہوں نے حکومت اور محکمہ مال سے پرزور اپیل کی ہے کہ ان بے سہارا افراد کو محفوظ جگہ فراہم کی جائے تاکہ ان کی زندگیاں مزید خطرے میں نہ پڑیں۔اہالیانِ علاقہ نے کہا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کو ریلیف اور متبادل رہائش فراہم کرے، تاکہ یہ لوگ سکون کے ساتھ اپنی زندگیاں دوبارہ شروع کر سکیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایچ ای سی کا پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے بین الاقوامی فیلوشپ پروگرام کا اعلان




