اسلام آباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ مافیا ز کوگردن سے پکڑا ہے جس پر ا ن کی اور سہولت کاروں کی چیخیں نکل رہی ہیں،اب ٹبر پال پروگرام نہیں چل سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق سے کسگمہ کے عمائدین ،ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ فاروق اقبال، وائس چیئرمین یوسی کسگمہ ملک اشفاق احمد، راجہ محمد صفدر،چوہدری محمد اسلم،راجہ ظہیر اقبال اور راجہ عرفان خان نے ملاقات کی ۔
وزیراعظم سے وائس چیئرمین یونین کونسل سیلر چوہدری ارشد ،ماسٹر فاروق ،ماسٹر اکبر ،حاجی رزاق ،چوہدری ضیاء ،ڈاکٹر محمد شفیع ،محمد اکرم نے ملاقات کی ،ادھر راجہ وحید ،شبیر سرفراز ،راجہ خالد محمود اور دیگر نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گڈ گورننس کے فروغ ،میرٹ کی بالادستی اور ترقیاتی منصوبوں میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دینے پر فوکس کر رہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں معیاری خوراک یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم انوار الحق کا بڑا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل خود اپنی ذات سے شروع کیا ،حلقے کو بہت کم وقت دے سکا کیونکہ پورا آزادکشمیر میرا حلقہ ہے سب لوگوں کی فلاح وبہبود یقینی بنانے اور تعمیر وترقی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنی ذات سے شروع کرتے ہیں تو پھر ہر قسم کا خوف ختم جاتا ہے ۔ اللّہ پاک کا مجھ پر خاص کرم رہا کہ وزارت عظمیٰ کیلئے ایک چائے کا کپ بھی نہیں پلایا ، اللّہ پاک نے منصب مجھے عطا کیا تو تہیہ کر لیا تھا کہ جب تک قلم میں اختیار ہے اسے آزادکشمیر کے عوام کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کیلئے استعمال کرونگا ۔
دو سال اور چار ماہ سے اقتدار میں ہوں کوئی مجھ پر یا میری کابینہ کے کسی رکن پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا ،الزامات لگانے والوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے اصل تکلیف اس مافیا کو ہے جسے گردن سے پکڑا ہے اس مافیا اور ان کے سہولت کاروں کی چیخیں بتا رہی ہیں کہ ہاتھ صیحیح جگہ پڑا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میرا مرشد خانہ میری والدہ محترمہ نے مخلوق خدا کی بھلائی کی ہدایت کی تھی ان کے ارشادات کی روشنی میں اپنے کام میں مصروف عمل ہوں ۔
میں کوئی کامل شخصیت کا دعویٰ تو نہیں کرتا مگر خود کو آئین و قانون کے مطابق رکھا ہے،میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا ہے اور ضمیر مطمئن ہے ،چائے مافیا ،آٹا مافیا ،ٹمبر مافیا کا خاتمہ کیا اور عام آدمی کی سہولت کو مدنظر رکھا مجھ پر اللّہ پاک کا بڑا کرم ہے نہ تنخواہ لیتا ہوں نہ ٹی اے ڈی اے ، سادگی کو اپنایا ہے اور austerity measures کے ذریعے عوام کے ٹیکس کی حفاظت یقینی بنائی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ کمیٹی نے انوار حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے، کئی تجاویز پیش
کشمیر ہاؤس میں ڈیرے لگانے والے اور ٹبر پال پروگرام اب نہیں چل سکتا، عوام کے ٹیکس کے پیسے پر عیاشیاں نہیں ہو سکتیں جب تک قلم میں اختیار ہے اس پر پہرہ دوں گا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لندن میں ایک تقریب کے دوران سابق صدر ریاست راجہ ذوالقرنین خان کے صاحبزادے اور سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ علی ذوالقرنین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انوارالحق کو ہم نے جتوایا اب فون بھی نہیں اٹھا رہے ہیں۔
یہ بھی یا درہے کہ سابق صدر راجہ ذوالقرنین خان کا تعلق کسگمہ سے ہے اور ان کی حمایت سے ہی چوہدری انوارالحق نے کامیابی سمیٹی تھی لیکن اب ان کا اتحاد خطرے میں پڑ چکا ہے ۔