جگوار لینڈ روور کو سائبر حملے کا سامنا، برطانوی پلانٹس میں پیداوار معطل

(کشمیر ڈیجیٹل)جگوار لینڈ روور (جے ایل آر) کی گاڑیوں کی تیاری سائبر حملے کے باعث شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں کمپنی کے برطانیہ میں واقع دونوں بڑے پلانٹس کی پیداوار رک گئی ہے۔

کمپنی، جو بھارت کی ٹاٹا موٹرز کی ملکیت ہے، نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد آئی ٹی سسٹمز بند کرکے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی گئی اور آپریشنز کو دوبارہ بحال کرنے پر کام جاری ہے۔

جے ایل آر کا کہنا ہے کہ ان کے ریٹیل بزنس کو بھی بڑا دھچکا لگا ہے، خاص طور پر اس وقت جب نئی نمبر پلیٹس کے اجراء کے باعث گاڑیوں کی ڈلیوری کا روایتی طور پر مصروف سیزن ہوتا ہے۔ تاہم کمپنی نے وضاحت کی کہ اب تک صارفین کے کسی ڈیٹا کے چوری ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

یہ حملہ اتوار کو شروع ہوا اور پیر یکم ستمبر کو جب نئی رجسٹریشن پلیٹس متعارف ہوئیں تو کمپنی نے اپنی آئی ٹی سروسز بند کر دیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ برطانیہ کے شہر مرسی سائیڈ میں واقع ہیلووڈ پلانٹ میں ملازمین کو ای میل کے ذریعے گھر پر رہنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ دیگر کو ڈیوٹی سے واپس بھیج دیا گیا۔ یہی صورتحال کمپنی کے دوسرے بڑے پلانٹ سولیہل میں بھی دیکھی گئی۔

کمپنی کے بیان کے مطابق:”ہم نے فوری طور پر اپنے سسٹمز بند کرکے صورتحال کو قابو کرنے کی کوشش کی۔ اب ہم محتاط انداز میں عالمی آپریشنز کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس حملے کے پیچھے کون ہے، تاہم حالیہ عرصے میں برطانیہ کے دیگر بڑے ریٹیل برانڈز مارکس اینڈ اسپنسر اور کوآپ بھی اسی نوعیت کے سائبر حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، جہاں ہیکرز نے تاوان طلب کیا تھا۔

ٹاٹا موٹرز نے بمبئی اسٹاک ایکسچینج میں ایک بیان میں اسے “آئی ٹی سیکیورٹی واقعہ” قرار دیا ہے، جس کے عالمی اثرات مرتب ہوئے۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے سے آگاہ ہے اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔

خیال رہے کہ جے ایل آر نے گزشتہ برس اپنے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے منصوبے کے تحت ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز کے ساتھ 800 ملین پاؤنڈ مالیت کا پانچ سالہ معاہدہ کیا تھا، جس میں سائبر سیکیورٹی سمیت دیگر آئی ٹی سروسز شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ناشتہ چھوڑنے سے کتنا نقصان ہوتاہے،تحقیق میں بتا دیا

پیداوار کی یہ بندش کمپنی کے لیے ایک نیا دھچکا ہے کیونکہ حال ہی میں جے ایل آر نے منافع میں کمی کا انکشاف کیا تھا، جس کی بڑی وجہ امریکی ٹیرف کے باعث بڑھتے ہوئے اخراجات بتائے گئے۔

Scroll to Top