(کشمیر ڈیجیٹل) پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 5 ستمبر تک دریائے راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 16 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ریلیف کمشنر کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ موجود ہے، جس کے نتیجے میں 5 ستمبر تک سیلاب کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم اپنی گنجائش کا 100 فیصد اور منگلا ڈیم 83 فیصد بھر چکا ہے۔ تربیلا ڈیم کا موجودہ لیول 1549.78 فٹ جبکہ منگلا ڈیم 1226.50 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید برآں، راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.70 فٹ تک پہنچنے کے بعد اس کے اسپل ویز صبح 7 بجے کھول دیے گئے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو اس فیصلے سے پیشگی آگاہ کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہے: صدر شی جن پنگ
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راول ڈیم کے اسپل ویز کھلنے سے کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا، لہٰذا عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز بہاؤ کے دوران نالہ اور اس پر بنے عارضی پل عبور نہ کریں۔




