چلاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، عملے کے 5 ارکان شہید

(کشمیر ڈیجیٹل)گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، واقعے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ سمیت عملے کے 5 اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور تین تکنیکی اہلکار سوار تھے جو بدقسمتی سے حادثے کا شکار ہو گئے۔ دیامر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک مجوزہ نئے ہیلی پیڈ پر ٹیسٹ لینڈنگ کر رہا تھا، تاہم حادثے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے ابتدائی طور پر “تکنیکی خرابی” کو حادثے کا سبب قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہائی کورٹ نے جونیئر ٹیکنیشن ریڈیالوجی کی تقرریاں معطل کر دیں

ادھر صوبائی حکومت نے دیامر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top