کشمیری نڈر،کبھی جھکیں گے نہیں، دنیا قربانیوں کا احساس کرے، مشعال ملک

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ دنیا کو کشمیری عوام کی قربانیوں کا احساس کرنا چاہیے۔

مشعال ملک نے اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کی، ریلی میں سول سوسائٹی، طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ وہ پوری کشمیری قوم کو سلام پیش کرتی ہیں، انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے خلاف جاری نسل کشی کو شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ جو بھی دنیا میں کشمیر کی آواز بلند کرتا ہے، اسے ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا آپ میرے کہنے پر اپنے گھر سے نکل جائیں گے؟ فلسطینی بچی کا امریکی صدر سے سوال

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری نڈر قوم ہے کبھی نہیں جھکیں گے، شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور ان کی قربانیوں نے کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند کر دیئے ہیں، بھارت کشمیریوں کے گھروں پر ناجائز قبضہ کر رہا ہے اور عالمی برادری کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت کا دہشت گردی کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیل چکا ہے، مشعال ملک نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں میری والدہ کو بھارت نے اپنے دہشتگرد نیٹ ورک کے ذریعے سلو پوائزنگ سے شہید کروایا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی ناکامی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ آج تک بھارت کو کٹہرے میں کیوں نہ لا سکا؟۔مشعال ملک نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں قید معصوم افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

 

 

 

Scroll to Top