لاہور (کشمیر ڈیجیٹل) ایک سرکاری کالج کے چوکیدار نے اپنی محنت اور لگن کے ذریعے ایسی مثال قائم کی ہے جو نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئی ہے۔ جزو وقتی فری لانسنگ کے ذریعے ڈالر کما کر اس چوکیدار نے ثابت کر دیا کہ کامیابی کے لیے نہ اعلیٰ تعلیم شرط ہے اور نہ ہی مہنگے وسائل، بلکہ اصل طاقت ہمت اور عزم میں ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں تعینات سکیورٹی گارڈ نذیر احمد نے اپنی نوکری کے ساتھ ساتھ آن لائن فری لانسنگ کے ذریعے سب کو حیران کر دیا ہے۔ نذیر احمد نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ برس سے فری لانسنگ کر رہے ہیں ۔
اس سے قبل ایک سافٹ ویئر ہاؤس میں ملازمت کے دوران وہاں کے نوجوانوں سے کمپیوٹر استعمال کرنا سیکھا، اور پھر ایک لیپ ٹاپ خرید کر فوٹو شاپ کا کام شروع کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کیا عالمی بینک کے 20 ارب ڈالر کے پیکیج سے پاکستان کی تقدیر بدل جائیگی؟
انہوں نے کہا کہ روزانہ ڈیوٹی کے بعد فارغ وقت میں آن لائن پروجیکٹس مکمل کرتے ہیں اور ڈالر کماتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک کم تعلیم یافتہ چوکیدار فری لانسنگ کے ذریعے بیرونِ ملک سے آمدنی حاصل کر سکتا ہے تو تعلیم یافتہ نوجوان بھی ملک میں بیٹھے اپنے لیے بہتر مستقبل بنا سکتے ہیں۔
نذیر احمد نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ بیرونِ ملک جانے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو آن لائن پلیٹ فارمز پر آزما کر نہ صرف ذاتی کامیابی حاصل کریں بلکہ ملک کی معیشت کو بھی سہارا دیں۔




