مظفرآباد: محکمہ تعلیم سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے کمپلیننٹس مینجمنٹ سسٹم تیار کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ۔
سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن قاضی عنایت علی نے محکمہ تعلیم میں ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن سے متعلق عوامی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے’’کمپلینٹس مینجمنٹ سسٹم‘‘ تیار کرنے کی غرض سے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے۔
کمیٹی میں محکمہ تعلیم سکولز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے آفیسران شامل ہیں جن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) مظفرآبادڈاکٹر محمد نعیم خواجہ ، پروگرام آفیسر سیکرٹریٹ ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن ماجد حبیب شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ تعلیم میں 7 ہزار سے زائد آسامیاں مکمل کرینگے ،وزیرہائیرایجوکیشن ظفراقبال ملک
سسٹم انجینئر نظامت ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (EMIS) مظفرآباد فرجاد حکیم اور سینئر منیجر آپریشنز (ای-گورننس) انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ محمد اشتیاق اعوان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی جامع سفارشات مرتب کر کے مجاز اتھارٹی کو پیش کرنے کی پابند ہوگی۔
وزیر اعظم اور وزیر تعلیم سکولز کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری قاضی عنایت علی نے تعلیمی معیار کی بہتری کی جانب پیش رفت کے لیے یہ خصوصی اقدام اٹھایا ہے جس کا مقصد عوامی مسائل کے فوری حل اور محکمہ تعلیم میں شفافیت، جواب دہی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور ای گورننس کے استعمال سے تعلیمی شعبے کو عوام دوست اور شفاف بنایا جائے گا۔ یہ پیش رفت محکمہ تعلیم کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی اور عوامی شکایات کے تیز تر ازالے کی نئی راہیں کھولے گی۔




