مظفرآباد/باغ: ریاستی دارالحکومت مظفر آباد میں شدیدبارش کے باعث مظفرآبادایبٹ آباد روڈ لوہار گلی کے مقام پر بند ہوگئی، شاہراہ سرینگر بھی سبڑی کے مقام پر بند ہوگئی جبکہ باغ میں شدید بارش کے بعد نالہ ماہل بپھر گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام مظفرآباد اور باغ سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کے باعث مظفرآبادمیں دو مرکزی شاہراہیں ( مظفرآباد تا ایبٹ آباد اور مظفرآبا دتا چکوٹھی شاہراہ سرینگر) لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے طابق شدید موسمی حالات کے پیش نظررات کو سڑکوں کی بحالی ممکن نہیں ہے، صبح بحالی کا کام ممکن ہو سکے گا تمام مسافروں سے التماس ہے کہ اس روڈ پر سفر نہ کریں۔
دوسری طرف باغ کے گردونواح میں شدید بارش ہوئی جس میں نالہ ماہل میں ایک بار پھر طغیانی آئی، بڑا سیلابی ریلا باغ شہرسے گزار رہا ہےجس پر انتظامیہ نے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔




