زکوۃ کونسل کا76کروڑ31لاکھ کا بجٹ منظور،مستحقین ومدارس کی گرانٹ میں اضافہ

مظفر آباد:سیکرٹری زکوۃ و عشر/چیئر مین زکوۃ کونسل ارشاد احمد قریشی کی زیر صدارت آزاد  کشمیر زکوۃ کونسل کے اجلاس میں 76کروڑ 31لاکھ27ہزار کا بجٹ منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ چوہدری امتیاز احمد نوری، ناظم اعلیٰ حسابات کامران رشید خان، سیکرٹری امور دینیہ اوقاف عامر محمود، اسپیشل سیکرٹری مالیات محسن گیلانی، سیکرٹری زکوۃ کونسل وچیف ایڈمنسٹریٹر زکوۃ وعشر چوہدری محمد رزاق کے علاوہ ممبران محمد امین بٹ، پرویز احمد قریشی، نظام دین، ملک شوکت عارف، فیاض حسین کاظمی، صاحبزادہ محمد فاروق نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں معزز ممبر محمد قاسم ضلع پلندری کی اچانک وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی اور انکو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جہلم ویلی : ضلع کونسل کا 6 کروڑ 57 لاکھ روپے کا بجٹ منظور

سیکرٹری زکوۃ کونسل چوہدری محمد رزاق نے سالانہ بجٹ 26-2025ء مبلغ 76,3127,956 (چھہتر کروڑ اکتیس لاکھ ستائیس ہزار نو صد چھپن) روپے پیش کیا جو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی ہدایات کے مطابق مستحقین زکوۃ کیلئے مبلغ 4 کروڑ 20 لاکھ روپے کا اضافے کے علاوہ دینی مدارس کے طلباء کیلئے مبلغ 45لاکھ روپے اضافے پر بھی اتفاق ہوا۔

اجلاس میں گزشتہ 3 سالوں میں زکوۃ کی آمدن میں 17 کروڑ روپے اضافہ پر زکوۃ کونسل نے اظہار مسرت کیاجو عوام کا حکومتی پالیسوں پر اعتماد کا ثبوت ہے۔

سیکرٹری زکوۃ کونسل چوہدری محمد رزاق نے اجلاس زکوۃ کونسل میں گذشتہ سال کی کارگزاری پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال 21 کروڑ روپے مستحقین کو ادا کئے گئے ضلع نیلم و حویلی میں SCO کے اشتراک سے (S Paisa) کے ذریعے ادائیگی شروع کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع کونسل کوٹلی کا21کروڑ85لاکھ کا بجٹ منظور،انتظامی اخراجات کیلئے ڈھائی کروڑمختص

گزشتہ مالی سال میں مقامی ڈسٹرکٹ ہسپتال ہا میں 1333 مریضوں کا زکوۃ فنڈ سے علاج کروایا گیاجس کیلئے سربراہان طبی ادارہ جات کو مبلغ 01 کروڑ 59 لاکھ روپے بذریعہ کراس چیک مہیا کئے گئے۔

دینی مدارس کے 7313 طلباء کو سالانہ 07 کروڑ روپے بذریعہ کراس چیک بوساطت مہتمم دینی ادارہ جات مہیا کئے گئے ،

بیرون آزاد کشمیر زکوۃ منافع فنڈ سے مہلک امراض میں مبتلا 80 مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے مبلغ 04 کروڑ 67 لاکھ روپے سربراہان طبی ادارہ جات پاکستان کو بذریعہ کراس چیک ادائیگی کی گئی۔

Scroll to Top