پنجاب کے تینوں دریا بپھر گئے، مختلف اضلاع میں فوج طلب کر لی گئی

لاہور: بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں سلسل اضافہ ہورہا ہے، دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح بلند ہو کر خطرناک حد کے قریب پہنچ گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے انسانی جانوں کے تحفظ اور بروقت امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے قصور، سیالکوٹ اور نارووال میں فوج طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی میدان میں موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سنسان جنگل میں پھنسے سیاح پاک فوج نے رات گئے ریسکیو کرلیے

تاہم ممکنہ خطرات کے پیش نظر سول انتظامیہ کی معاونت اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس کے تحت فوج کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد مقرر کی جائے گی، جب کہ ضرورت پڑنے پر آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی متاثرہ علاقوں میں فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ، 670 اموات، حکومت اور فوج کا مشترکہ ایکشن

سرکاری ترجمان کے مطابق، حکومت پنجاب اور تمام متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو چوبیس گھنٹے (24/7) مانیٹر کر رہے ہیں، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

حکومتی سطح پر جاری اس بروقت اور منظم ردعمل کا مقصد نہ صرف عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ بڑے نقصان سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top