(کشمیر ڈیجیٹل) : کرکٹ کے معتبر جریدے وزڈن نے دنیا کے بہترین نوجوان کرکٹرز کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 4 پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
وزڈن نے دنیا بھر سے منتخب 40 کرکٹرز کی فہرست میں ان کھلاڑیوں کو جگہ دی ہے جو 23 سال سے کم عمر ہیں اور جنہیں حالیہ کارکردگی کے ساتھ مستقبل کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ فہرست 2019 کے بعد پہلی بار شائع کی گئی ہے۔
پاکستان کے چار کھلاڑی اس اعزاز کے مستحق قرار پائے ہیں جن میں فاسٹ بولر نسیم شاہ، اوپنر صائم ایوب، مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز اور اسپنر علی رضا شامل ہیں۔ نسیم شاہ کو دنیا کے چھٹے بہترین نوجوان کرکٹر کا درجہ دیا گیا ہے، جب کہ صائم ایوب 11ویں، حسن نواز 26ویں اور علی رضا 37ویں نمبر پر ہیں۔
ٹاپ ٹین کی فہرست میں بھارت کے یشوی جیسوال پہلے، ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز دوسرے اور انگلینڈ کے جیکب بیتھل تیسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ول او رورکے چوتھے، جنوبی افریقہ کے لوان ڈری پریٹوریئس پانچویں، افغانستان کے رحمان اللہ گرباز ساتویں، جنوبی افریقہ کے کیونا میپھاکا آٹھویں، بھارت کے سائی سدھارسن نویں اور افغانستان کے ابرہیم زردان دسویں نمبر پر رہے۔
وزڈن کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں سب سے زیادہ 6 کھلاڑی بھارت اور 6 ہی آسٹریلیا سے شامل ہیں، جب کہ انگلینڈ کے 5 کرکٹرز اس اعزاز کے حقدار ٹھہرے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے 4، جنوبی افریقہ کے 3، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے 2، 2 جب کہ سری لنکا اور زمبابوے کے ایک ایک کھلاڑی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پکسل 10 پرو فولڈ بمقابلہ گیلیکسی زی فولڈ 7: فیچرز اور تقابلی جائزہ
وزڈن، جسے کرکٹ کی دنیا میں “بائبل” کہا جاتا ہے، کا اجرا 1864 میں انگلینڈ سے ہوا تھا اور اب تک اس کے 156 ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ اس میں ہر سال انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میچز کے اسکور کارڈ، تجزیے اور فیچرز شامل کیے جاتے ہیں۔ 1889 میں وزڈن فائیو کرکٹرز آف دی ایئر کا سلسلہ بھی اسی جریدے نے شروع کیا تھا، جس میں کئی پاکستانی لیجنڈز بھی شامل ہو چکے ہیں، جیسے فضل محمود، حنیف محمد، ماجد خان، ظہیر عباس، جاوید میانداد، عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، سعید انور، یونس خان اور مصباح الحق۔