بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں مذہبی تہوار کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت پر عائد اضافی ٹیرف کے خلاف علامتی احتجاج کیا گیا۔
تقریب میں شریک افراد نے ٹرمپ کا دیوہیکل پتلا اٹھا رکھا تھا جس پر مختلف احتجاجی پلے کارڈز آویزاں کئے گئے، بھارتی میڈیا کے مطابق پلے کارڈز پر درج نعروں میں کہا گیا تھا کہ ٹیرف سے ڈرانے والا بھارتی طاقت سے رونے پر مجبور ہوگا
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کا پتلا مٹی اور بھوسے سے تیار کیا گیا تھا، جسے سرخ سوٹ، سفید قمیض اور پیلی ٹائی پہنا کر گیندے کے پھولوں کے ہار اور احتجاجی پوسٹروں سے سجایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کو جھٹکا،بھارت پر مزید امریکی ٹیرف کا خطرہ منڈلانے لگا
واضح رہے کہ ناگپور میں ہر سال مربت میلہ کے نام سے یہ روایت منائی جاتی ہے جس میں دیوہیکل پتلوں کے ذریعے برائی کے خاتمے اور موجودہ سیاسی، سماجی و معاشی مسائل کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے جس کا نصف پہلے ہی نافذ ہو چکا ہے جبکہ بقیہ 25 فیصد آئندہ 27 اگست سے لاگو ہوگا۔