وزیراعظم پاکستان نے غذر کے ہیروز کو اسلام آباد بلا کر خراجِ تحسین پیش کیا

(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دے کر تقریباً 300 انسانی جانیں بچانے والے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کر لیا۔

غذر کے مقامی چرواہے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی دعوت پر بلایا گیا، جہاں وزیراعظم نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جنہوں نے فرض شناسی اور جرات کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو گلگت بلتستان کے ان بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے تینوں چرواہوں کو خصوصی انعام بھی دیا جائے گا۔ اس سے قبل ڈی آئی جی پولیس نے وصیت خان کو بروقت اطلاع دینے پر 10 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند سے نوازا تھا۔

یاد رہے کہ وصیت خان نے گاؤں والوں کو گلیشیئر پھٹنے کی فوری اطلاع دی جس کے بعد تالی داس گاؤں کے 100 مکانات راتوں رات خالی کرا لیے گئے اور تقریباً 200 افراد کو محفوظ پہاڑی مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ اگرچہ بعد میں آنے والے سیلاب سے خالی مکانات کو نقصان پہنچا، لیکن قیمتی انسانی جانیں محفوظ رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 2025 کے لیے دنیا کے 10 بہترین شہروں کی فہرست جاری

Scroll to Top