لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم اس وقت اچھا کھیل پیش کر رہی ہے اور ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی کی توقع کی جا سکتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھلاڑیوں پر غیر ضروری تنقید کرنے کے بجائے انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کریں تاکہ ٹیم بہترین انداز میں کھیل سکے ۔
یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کا پی ایس ایل کے 10 سال مکمل ہونے پر ڈاکیومنٹری بنانے کا فیصلہ
محسن نقوی نے غنی کلب لاہور کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ کلب کرکٹ کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مزید کلبز کے قیام سے ملک میں کرکٹ کی ترقی کو مزید تقویت ملے گی ۔
دشمن ملک بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات برابری کی سطح پر رکھے جائیں گے اور کھیل کے میدان میں مقابلہ شائستگی اور احترام کے ساتھ ہوگا ۔
ٹیم سلیکشن کے حوالے سے سوال پر محسن نقوی نے واضح کیا کہ ان کا کسی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے یا خارج کرنے میں کوئی کردار نہیں، اور ٹیم سلیکٹرز کی کئی گھنٹوں کی مشاورت کے بعد منتخب کی جاتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیاکپ،بابر اور رضوان کی غیر موجودگی پر شاہین آفریدی کا ردعمل سامنےآگیا
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی کھلاڑی اپنی پوری محنت اور جذبے کے ساتھ کھیلیں گے ، اور باقی نتیجہ اللہ پر منحصر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام اور شائقین کو ٹیم کی حمایت جاری رکھنی چاہیے تاکہ کھلاڑی اعتماد کے ساتھ کھیل سکیں ۔




