مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کی وزیر برائے سمال انڈسٹریز، ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی پروفیسر تقدیس گیلانی کی زیر صدارت محکمانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم لون پروگرام (قرضہ اسکیم)، بجٹ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق تقدیس گیلانی نے ہدایت کی کہ لون پروگرام کی تکمیل ہر سطح پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے تاکہ اہل افراد حقیقی معنوں میں مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز چوہدری عبدالرحمٰن، ایم ڈی سمال انڈسٹریز ذیشان عارف، ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز وحید مغل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
شرکائے اجلاس نے محکمے کی موجودہ کارکردگی ، آئندہ اہداف اور مختلف جاری اسکیموں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی۔وزیر سمال انڈسٹریز پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم لون پروگرام کی شفافیت، اہلیت کے معیار اور بروقت عمل درآمد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
انہوں نے واضح کیا کہ صرف مستند اور اہل درخواست گزاروں کو ہی سہولت فراہم کی جائے اور اس ضمن میں تمام مرحلے قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمے کی بجٹ ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی تاکہ ترقیاتی اہداف اور کاروباری سہولیات کی فراہمی میں تعطل پیدا نہ ہو ۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت آزادکشمیر مسئلہ کشمیر کے حوالے سےاپنی ذمہ داری پوری کرے گی،تقدیس گیلانی
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل امانت ہیں ، لہٰذا ملازمین محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں ۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے ہدایت کی کہ پورے سال کا جامع ورکنگ پلان تیار کر کے اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ لون پروگرام سے متعلق پیشرفت کا باقاعدہ (ریگولر) جائزہ لیا جائیگا، ضرورت پڑنے پر بہتری کے اقدامات فوری طور پر متعارف کرائے جائیں ۔ اجلاس کے اختتام پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ عوامی سہولت اور کاروباری فروغ کیلئے ون ونڈو سہولت ، رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے مؤثر نظام کو مزید فعال بنایا جائے جبکہ عوامی آگاہی کیلئے معلوماتی مواد اور رابطہ ذرائع کو بھی اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے ۔