مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) (ن) لیگ آزاد کشمیر کے صدر اور رکن قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کی ناقص اور غیر سنجیدہ پالیسیوں نے پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کر دیا ہے ۔
کشمیر ڈیجیٹل سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام معاشی اور سماجی مشکلات کے باعث سخت پریشانی کا شکار ہیں اور خطے کے لوگ مسلسل سفر اور نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے کئی اہم آئینی عہدے طویل عرصے سے خالی پڑے ہیں لیکن وزیراعظم جان بوجھ کر انہیں پُر نہیں کر رہے تاکہ ایک مصنوعی آئینی بحران پیدا ہو اور وہ اس سے سیاسی فائدہ اٹھا سکیں ۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن کی ہوگی : شاہ غلام قادر کا دعویٰ
اس طرزِ حکمرانی نے نہ صرف عوام کا اعتماد مجروح کیا ہے بلکہ ریاستی اداروں کو بھی کمزور کر دیا ہے۔شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اگر جیل سے رہا بھی ہو جائیں تو اب انہیں سہارا دینے والا کوئی باقی نہیں رہا ۔
انہوں نے کہا کہ عوام اور سیاسی جماعتیں اب اُن قوتوں کے ساتھ کھڑی ہیں جو خطے میں استحکام اور ترقی چاہتی ہیں نہ کہ انتشار اور بحران ۔
انہوں نے زور دیا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری روایات کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ وزیراعظم فوری طور پر اپنی روش بدلیں، آئینی عہدے پُرکریں اور ایسی پالیسیاں اپنائیں جو عوام کو ریلیف فراہم کریں ۔