(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع، خصوصاً حویلی کہوٹہ اور ہٹیاں بالا میں حالیہ شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ نے نظامِ زندگی کو متاثر کر دیا۔ متعدد اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں ملبے تلے دب جانے سے بند ہو گئی ہیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حویلی کہوٹہ میں مین شاہراہ سمیت ضلعی ہیڈ کوارٹر کو ملانے والی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، محکمہ شاہرات کا عملہ کئی مقامات سے ملبہ ہٹا چکا ہے مگر علی آباد روڈ پر رکاوٹیں تاحال موجود ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تولی پیر اور لسڈنہ روڈ کو سفر کے لیے غیر محفوظ قرار دیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے حفاظتی اقدامات کے تحت ضلع بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر ہٹیاں بالا میں بنی لنگریال کو ضلعی ہیڈ کوارٹر سے ملانے والی مرکزی سڑک 14 اگست کو لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوئی تھی، جو تاحال بحال نہ ہو سکی۔ عوام اور مسافروں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مریضوں کو اسپتال پہنچانا اور طلبہ و طالبات کا تعلیمی اداروں تک جانا انتہائی دشوار ہو گیا ہے جبکہ روزمرہ ضروریاتِ زندگی کا حصول بھی متاثر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے 2025-26 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ جاری کر دیے
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ شاہرات فوری نوٹس لے کر متاثرہ سڑکوں کی مرمت اور بحالی کے اقدامات کرے تاکہ آمدورفت اور معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔