پاکستان بھر میں مون سون کے دوران 657 اموات، این ڈی ایم اے کا مزید بارشوں کا الرٹ جاری

(کشمیر ڈیجیٹل)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران اب تک مختلف حادثات اور بارش سے متعلقہ واقعات میں ملک بھر میں 657 افراد جاں بحق جبکہ 929 زخمی ہو چکے ہیں۔

ادارے کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ تباہی خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 390 اموات رپورٹ ہوئیں۔ پنجاب میں 164، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 32 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 ہلاکتیں ہوئیں۔ آزاد جموں کشمیر میں اب تک 15 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 5 بچے، 5 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 171 بچے اور 94 خواتین بھی شامل ہیں۔ پنجاب میں سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ بچے رہے جہاں 70 بچوں کی جانیں گئیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان پر موجود فعال موسمی نظام سوموار کو شدید بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان پر موجود فعال موسمی نظام سوموار کو شدید بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی پیشگوئی کے مطابق:

  • اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
  • پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
  • خیبرپختونخوا کے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ جنوبی اضلاع ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کرک اور کوہاٹ میں بھی تیز بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
  • آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر سمیت مختلف اضلاع میں شدید بارشوں سے پہاڑی تودے گرنے اور سیلاب کا خطرہ ہے۔
  • گلگت بلتستان کے گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گھانچے اور شگر میں بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا اندیشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کےاشعب عرفان نے امریکا میں اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا

Scroll to Top